پاکستان رینجرز(سندھ) نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 13 ملزمان کو ڈکیتی، رہزنی، منشیات فروشی اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاپوش نگر، ماڈل کالونی، الفلاح، سعید آباد اور بلدیہ کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 9 ملزما ن محمد ریحان، محمد سلیم عرف کانا، محمد زبیرعرف سندھی، محمد وقاص عرف پاپا، بلال احمد عرف بلُو، راؤ نوید علی عرف کالا، قاسم، سکندر عرف بابر اور شہروز عرف فہد کو گرفتار کیا۔
ملزمان لوگوں سے لوٹ مار کرنے، ماوہ اور گٹکا سپلائی کرنے، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
جبکہ آرام باغ اور صدر کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان عبدالطیف، اکرام زادہ، رشید احمد اور محمد سلیم کو گرفتار کیا جو علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔
رینجرز نے ان تمام ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد کیا ہے، اور تمام ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔